لاہور: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 ختم ہوگئی ہے ہم دوبارہ سڑکوں پر نکلیں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ 8 مارچ کے واقعات 25 مئی کے واقعات کا پارٹ ٹو تھا وہی آفیسر کل کے واقعات میں ملوث ہیں جو 25 مئی کو تھے، ان کا منصوبہ ہے کہ عمران خان گرفتار ہو یا نااہل پھر ہی انتخاب کروائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ زبردستی گراؤنڈ میں کھیل رہے ہیں مجھے نااہل کریں یا گرفتار میچ ہم جیت چکے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ یہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں مجھ پر حملے کی کوشش کررہے ہیں لیکن ہم جلد انتخابی جلسے شروع کرنے جارہے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ 90 روز میں الیکشن نہ ہوئے تو ملک میں آئین، قانون نہیں رہے گا، عدلیہ کو تقسیم کرنے کا ان کا منصوبہ کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔

اس سے قبل ایک انٹرویو میں عمران خان کا کہنا تھا حکمران انتشار کے بہانے الیکشن سے نکلنا چاہتے ہیں، نگراں حکومت کا کام ہی انتخابات کرانا ہے، یہ کیسے روک سکتے ہیں۔

انھوں نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ عدالتی حکم کے باوجود ایسا لگ رہا ہے حکومت الیکشن نہیں کرانا چاہتی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے ڈر ہے یہ کسی بڑی شخصیت کا قتل کروا دیں گے۔