مہنگائی کے مارے عوام کیلیے اچھی خبر ہے کہ حکومت نے موٹر سائیکل اور رکشہ کے لیے سستا پیٹرول فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں غریب و متوسط طبقے کو ریلیف دینے سے متعلق فیصلے کیے گئے۔

وزیر اعظم نے موٹر سائیکل اور رکشہ والوں کو سستے پیٹرول کی فراہمی کا اصولی فیصلہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ موٹرسائیکل اور رکشہ والوں کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کا پروگرام تیار کیا جائے۔

پروگرام کے تحت موٹر سائیکل و رکشہ والوں کو سستے پیٹرول کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

وزیر اعظم نے اسلام آباد کے غریب و متوسط طبقے کیلئے رمضان میں ریلیف پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے 10 لاکھ لوگوں کو رمضان میں مفت آٹا فراہم کیا جائےگا۔

وزیر اعظم نے سندھ، کےپی اور بلوچستان کو بھی اسکیم میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ رمضان میں غریب و متوسط طبقے کے مسائل کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں مفت آٹے کی تقسیم کو شفاف بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔