راولپنڈی : جی ایچ کیو پر حملے میں ملوث 15 شر پسندوں کی موبائل فوٹیج سے شناخت کرلی گئی، شرپسندوں کیخلاف مختلف تھانوں میں 17مقدمات ہیں۔

تفصیلات کے مطابق 9 مئی کو جی ایچ کیو اوردیگر اہم مقامات پر حملوں کی تحقیقات میں پیشرفت سامنے آئی ہے۔

پولیس کی جانب سے جی ایچ کیو پر حملے میں ملوث15 شرپسندوں کی موبائل فوٹیج سے شناخت کرلی گئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ آرمی ایکٹ کی دفعات شامل کر کے تحقیقات پولیس اور حساس اداروں کےسپردہوں گی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شرپسندوں کیخلاف مختلف تھانوں میں 17مقدمات ہیں اور گرفتاریوں کے چھاپے بھی جاری ہے۔

یاد رہے 14 مئی کو بھی جی ایچ کیو راولپنڈی پر حملے میں ملوث شرپسندوں کی شناخت ہوئی تھی، شناخت کیے جانے والے ملزمان میں افشاں کامران، فاطمہ احسان، شبانہ فیاض، عابد ملک، عاصم خورشید، زاہد علی شاہ گیلانی، کاشف خان، منیزا احمد، جہانگیر احمد، محمد عثمان قریشی، ابوبکر احمد، پیرزادہ شہباز، انصر جاوید اور حماد خان شامل تھے۔

اس سے قبل راولپنڈی پولیس نے جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) میں توڑ پھوڑ میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کیا تھا جس کی شناخت ادریس کے نام سے ہوئی تھی۔ ملزم ضلعی سرکاری ادارے کا ملازم بتایا گیا تھا جس کو سوشل میڈیا ویڈیو کے ذریعے شناخت کیا گیا تھا۔