اسلام آباد : سپریم کورٹ نے پنجاب انتخابات کیس میں وفاقی حکومت کی الیکشن کمیشن نظرثانی درخواست کی سماعت کیلئے لارجر بینچ کی استدعا مسترد کردی۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے پنجاب انتخابات کیس میں الیکشن کمیشن نظرثانی درخواست کی سماعت کیلئے وفاقی حکومت کی لارجر بینچ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے چیف جسٹس کا نظرثانی کیس کی سماعت کیلئے 3 رکنی بینچ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔

رجسٹرار آفس سپریم کورٹ نے انتخابات کیس کی کازلسٹ جاری کر دی، پنجاب کے انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کی نظرثانی درخواست پر سماعت کل ہوگی۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ سماعت کرے گا، بینچ میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر شامل ہیں۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے اپنے 4 اپریل کے حکم میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے پنجاب اسمبلی کے انتخابات 8 اکتوبر تک ملتوی کرنے کے فیصلے کو “غیر آئینی” قرار دیا اور 14 مئی کو نئی تاریخ مقرر کی تھی۔

بعد ازاں 3 مئی کو الیکشن کمیشن کی جانب سے دائر کی گئی نظرثانی درخواست میں سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی تھی کہ وہ اس معاملے پر نظرثانی کی درخواست پر فیصلے تک 14 مئی کے فیصلے کو معطل کرے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ ’سپریم کورٹ کو اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنی چاہیے کیونکہ عدلیہ کے پاس انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار نہیں ہے۔