اسلام آباد : پاکستان کو آئی ایم ایف سے 1.2 ارب ڈالر کی پہلی قسط موصول ہوگئی، باقی 1.8 بلین ڈالر بقایا 9 ماہ میں ملیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی ایم ایف کی جانب سے قرض کی پہلی قسط موصول ہونے تصدیق کردی۔

اسحاق ڈار بتایا کہ آئی ایم ایف نے پہلی قسط 1.2 بلین ڈالر اسٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ میں منتقل کردی، باقی 1.8 بلین ڈالر بقایا 9 ماہ میں ملیں گے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف بورڈ نے واشنگٹن میں پروگرام کو اپروو کیا، قوم کو معلوم ہے کل رات آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے پروگرام منظور کیا، آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کیلئے 3 ارب ڈالرکی منظوری دی، یہ پروگرام 9 ماہ کا ہے ، جس میں 3 بلین ڈالر پاکستان کوملیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے رقم ملنے کے بعد تقریباً اسٹیٹ بینک کے ریزرو میں 4.2 بلین ڈالر کا اضافہ ہواہے اور توقع ہے 13 اور 14 بلین ڈالر کے درمیان زرمبادلہ ذخائر ہوں گے۔

اسحاق ڈار نے وزیراعظم کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی محنت کے نتیجے میں آئی ایم ایف پروگرام مکمل ہوا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اسٹینڈ بائے ایگریمنٹ کو9ماہ پرمختص کیاگیاہے ، الیکشن کےبعدنئی حکومت اپنےفیصلےکرےگی، پاکستان تیزی سےترقی کی راہ پرگامزن ہوچکاہے۔

انھوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف سے مزید 1.8 ارب ڈالر 2 جائزہ اجلاس کے بعد ملیں گے، آئی ایم ایف نومبر اور فروری میں دو قسطوں میں 1.8 ارب ڈالر فراہم کرے گا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ گزشتہ 8 ماہ کا سفر بہت مشکل اور کٹھن تھا، وزیراعظم کی معاونت اور رہنمائی شامل رہی، آئی ایم ایف کے ساتھ کٹھن سفر طے کیا۔