اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ اپریل 2022 کو بطور وزیر اعظم جو ذمہ داری سونپی گئی تھی اگست 2023 کو نگراں حکومت کے سپرد کر دیں گے۔

قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے معیشت میں لگائی گئی بارودی سرنگیں صاف کیں، معیشت اور خارجہ سطح پر جو آگ لگائی گئی تھی ہم نے اسے بجھایا، بدترین بدانتظامی، کرپشن اور سازشوں کی آگ کوبجھایا، ملکی مفادات کی راہ میں بچھائی گئی بارودی سرنگیں صاف کیں، بے روزگاری سے دوبارہ روزگار کی فراہمی کا سفر شروع کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سابق حکومت نے آئی ایم ایف سے سخت شرائط پر معاہدہ کیا پھر اس سے روگردانی کی، ہم نے ہمت نہیں ہاری اور اللہ کے فضل سے معاہدہ بحال کیا، دوست اور برادر ملکوں نے خلوص سے پاکستان کے ساتھ تعاون کیا، قوم کی جانب سے دوست ممالک چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ دوست ملکوں کی قیادت کے بھی مشکور ہیں جنہوں نے بروقت ہماری مدد کی، سفارتی سطح پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی کوششیں قابل ستائش ہیں، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی شبانہ روز کاوشوں کو بھی سراہتا ہوں، وقت آگیا ہے کہ ہمیں اپنے پیروں پر کھڑا ہوکر کھویا ہوا مقام حاصل کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے سامنے ایک ہی راستہ ہے کہ کشکول توڑ دیں، مقروض رہنا چھوڑ دیں اور مسلسل محنت کی راہ اپنائیں، اب پوری قوم یکسو ہے کہ قرض کی زندگی نامنظور ہے، دعا ہے کہ 9 مئی جیسا یوم سیاہ قوم کی زندگی میں دوبارہ نہ آئے۔

’عظیم مقصد کے حصول کیلیے معاشی بحالی کا جامع قومی پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ اسپیشل انویسٹمنٹ کونسل تشکیل دی گئی ہے جس نے کام بھرپور طریقے سے شروع کر دیا ہے۔ خلیجی ممالک سے بڑی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔ انتھک محنت اور کوششوں سے اس منصوبے کو مکمل کریں گے۔ عالمی اداروں کی جانب سے پاکستان کی رینکنگ میں بہتری کی پیشگوئیاں کی جا رہی ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف معاہدے کے اعلان پر سرمایہ کاروں نے اسٹاک ایکسچینج میں بھرپور اعتماد کا اظہار کیا، اسٹاک ایکسچینج 45 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کر چکی ہے، پاکستان کی روپے کی قدر میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے، 2 ہزار ارب روپے کا کسان پیکج دیا گیا ہے، زراعت اور آئی ٹی سمیت دیگر شعبوں میں رعایتی قرضہ جات اور طلبہ کو لیپ ٹاپ دیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کو نواز شریف جس طرح ترقی کی راہ پر لائے تھے ویسے ہی دوبارہ لائیں گے، نوجوانوں کو دوبارہ روزگار فراہم کریں گے، آئیں نفرتیں مٹائیں، محبتیں تقسیم کریں اور ایک قوم بن جائیں۔