وزیراعظم شہبازشریف نے اسمگلنگ کو روکنے کے حوالے سے سست روی سے کام لینے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف فوری آپریشن کیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق چینی، گندم، آٹےاور یوریا کی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے اعلیٰ سطح جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے صدارت کی۔ متعلقہ حکام نے وزیراعظم کواسمگلنگ کی روک تھام سےمتعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ یوریا، کھاد اور چینی کی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئےملک گیر آپریشن جاری ہے ایف بی آر، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گزشتہ روز49 ٹرک پکڑے جب کہ سرحدپار اسمگلنگ روکنے کیلئے جوائنٹ پیٹرولنگ ٹیمز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے بلوچستان میں 4 جوائنٹ پیٹرولنگ چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں۔

وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو چیک پوسٹوں کی تعداد میں اضافے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پکڑی گئی چینی کی دکانوں میں 95 روپےکلو پر فروخت یقینی بنائی جائے، شوگر ایڈوائزری بورڈ اجلاس بلا کر گنےکی فصل کی امدادی قیمت کا تعین کیا جائے۔

وزیراعظم نے حکم دیا کہ اشیا ضروریہ کی بیرون ملک اسمگلنگ کسی صورت قبول نہیں اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف فوری آپریشن کیا جائے، اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے لائحہ عمل 2دن کے اندر پیش کیا جائے، ملک موجودہ معاشی صورتحال میں قطعی طورپراسمگلنگ برداشت نہیں کرسکتا۔

وزیر اعظم نے اسمگلنگ کو روکنے کے حوالے سے سست روی سے کام لینے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ کےپی اور بلوچستان کے سرحدی اضلاع میں چیک پوسٹوں کی تعداد بڑھائی جائے، اسمگلنگ میں ملوث افسران کو ہٹاتے وقت کوئی دباؤ قبول نہ کیاجائے اور 2 دن میں رپورٹ اور دوررس جامع لائحہ عمل پیش کیا جائے۔