سوات اولسی پاسون و قومی جرگہ کی طرف سے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما عبد الجبار خان کی سربراہی میں مٹہ سوات چوک میں ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ ہوا جس میں مختلف سیاسی پارٹیوں کے مشران اور عوام بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔احتجاجی مظاہرے سے ایوب خان آشاڑی،مختار لالا،عبد الجبار خان،سید اکبر خان،الحاج ذاہد خان،محمدخان نظر آباد،شریف اللہ خان،سید اظہار اللہ،بہادر شیر افغان،عبدالجلا ل ایڈوکیٹ،وکیل خان،عجب خان اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوات کی حالات جان بوجھ کر خراب کی جارہی ہے سوات پرآمن جگہ ہے یہاں دہشت گردوں کیلئے کوئی جگہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے سوات کی عوام کو اعتماد میں لئے بغیرامن معاہدہ کئے اور طالبان کو دوبارہ سوات میں لاکر یہاں کی امن کو تباہ کیا۔انہوں نے کہا کہ آج کے احتجاجی مظاہرے کا مقصد ہے کہ عوام امن چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سوات میں جنگ کے بادل دوبارہ لائے جارہے ہیں جو کہ سی ٹی ڈی سنٹر پر دھماکے کی صور ت میں پہلا وار تھا،مقررین نے مذید کہا کہ سوات کی عوام سے سیکشن فور کی صورت میں زمینیں بھی قبضہ کئے گئے اور لوگوں کو نکالا جارہا ہے جو کہ صورت میں ہمیں قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ امن کی خاطر ہم خود نکل کر خون کی قربانی دینے تک تیار ہیں۔احتجاجی جلسے میں مظاہرین نے امن کے جھنڈے بھی اٹھا رکھے تھے۔