انسدادِ ڈینگی کے لئے پیشگی اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے ڈپٹی کمشنر سوات عرفان اللہ خان وزیر کی زیرِ صدارت اجلاس، خصوصی آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ ڈینگی کی روک تھام کے لئے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس سیدو شریف میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر سوات عرفان اللہ خان وزیر نے کی۔ اجلاس کو ڈسٹرکٹ کورڈینیٹر ڈاکٹر فضل عارف نے انسدادِ ڈینگی اقدامات پر بریفنگ دی۔ ڈاکٹر عارف نے سال 2022 میں ٹیموں کی کارکردگی پر اجلاس کو آگاہ کیا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سوات عرفان اللہ خان وزیر کا کہنا تھا کہ انسدادِ ڈینگی کے حوالے سے ٹیموں خصوصاً لیڈی ہیلتھ ورکرز کا کردار نہایت اہم ہے۔لیڈی ہیلتھ ورکرز نے بھرپور محنت کی اور انسدادِ ڈینگی کے حوالے سے اہم کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گھروں میں ڈینگی کے سد باب کے لئے آگاہی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، گھروں اور واٹر سپلائی والے ٹیوب ویلز کی صفائی وقت پر شروع کی جائے تاکہ ڈینگی لاروا کو پھلنے پھولنے کا موقع نہ ملے۔ ڈی سی کا کہنا تھا کہ کمرشل ایریاز میں صفائی، ٹائر سے منسلک کاروبار اور کنسٹرکشن سائیٹس پر مسلسل نگرانی کی ضرورت ہے، اسی طرح مختلف ٹاؤنز اور رہائشی علاقوں میں بھی سروے کیا جائے اور ان جگہوں کی نشاندہی کی جائے جہاں لاروا کے پیدا ہونے کے امکانات ہوسکتے ہیں۔ ڈی سی عرفان اللہ خان وزیر کا کہنا تھا کہ آگاہی کے لئے بھی خصوصی مہم شروع کی جائے، آگاہی کے سلسلے میں گھروں اور سکولوں میں بھی مہم چلائی جائے۔ انہوں نے صفائی سے منسلک اداروں کو بھی احکامات جاری کئے اور کہنا تھا کہ خصوصی صفائی مہم شروع کی جائے۔