سوات قومی جرگہ کے کارندہ کمیٹی پر مشتمل قومی وسیاسی مشران کا ایک اہم اجلاس کو زہ بانڈی تحصیل کبل میں شیر شاہ خان کے حجرے میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت عبد الخالق خان نے کی، اجلاس میں عبد الخالق خان، مختار خان یوسفزئی، شیر شاہ خان، شیر بہادر خان، حاجی زاہد خان، عرفان چٹان، احمد شاہ خان، شمشیر علی خان،سید صادق عزیز، ڈاکٹر خالدمحمود گوجر، شاہ روم خان، عمر علی یوسفزئی اور خورشید کا کا جی سمیت دیگر اہم سیاسی وسماجی رہنماؤں نے شرکت کی۔ اور سوات کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا اور کئی اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس نے قیام امن کے حوالے سے سوات قومی جرگہ کے کلیدی کردار اور سوات کے غیور عوام کے اتحاد و اتفاق کے مثالی جذبے کو سراہا گیا۔ تاہم 25اپریل 2023کبل CTD تھانے کے خونریز دہشت ناک اور پر اسرار دھما کوں اور حالیہ سنگوٹہ پبلک سکول کے وین پر ایک طالب نما مشکوک پولیس اہلکار کی اندھا دھند فائرنگ کے واقعہ پر شدید رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ پولیس کے اعلیٰ احکام و حکومتی مؤقف کو انتہائی تشوشناک اور گمراہ کن قرار دیا گیا اور واقعہ میں معصوم انسانی جانوں کے ضیاع اور استانی سمیت زخمی طالبات کے خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی و ہمدردی کا اظہار کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ شدید غفلت برتنے اور اپنے فرائض منصبی میں نا کامی پر ڈی پی او سوات اور دیگر متعلقہ ذمہ داروں کو فوری طور پر ان کے سرکاری ذمہ داریوں سے سبکدوش کئے جائیں۔ اور سوات میں امن کے فضاء کو نقصان پہنچانے کا سلسلہ ترک کیا جائے۔ اور سنگوٹہ واقعہ کی شفاف اور ایماندرانہ انکوائر ی کراکر اسے پبلک کیا جائے۔ جرگہ مشران نے ملاکنڈ ڈویژن میں براہ راست و بالواسطہ ٹیکسوں کے نفاذ کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے سختی سے رد کیا اور فیصلہ کیا کہ سوات و ڈویژن میں ٹیکسوں کے نفاذ کے غیر آئینی عمل کی بھر پور مخالفت کی جائے گی۔ جبکہ جرگہ مشران نے سوات ایکسپریس وے فیز II کو زرعی زمینوں کے بجائے دریائے سوات کے کنارے پر ہی تعمیر کروانے کے اپنے دیرینہ اور عوام کے بر حق مطالبے کو دھرایا اور حکومت وآرمی چیف سے تو تانو بانڈی میں زیر استعمال زرعی زمین اور رہائشی مکانات کو ان کے مالکان کو جلد از جلد واپس کرنے ا ور ہاں سڑک پر قائم فوجی چیک پوسٹ کو مزید ختم کا پر زور مطالبہ کیا۔ جرگہ مشران نے سوات قومی جرگہ کو مزید منظم و فعال بنانے کیلئے ایک لائحہ عمل ترتیب دیااور فیصلہ کیا گیا کہ سوات قومی جرگہ کو وسعت دیکر پہلے مرحلے میں تحصیل وتپہ جات کی سطح اور دوسرے مرحلے میں دیہات کے سطح تک منظم کیا جائے گا۔ اور اس سلسلے میں انفرادی ذمہ داریوں کا تعین کرکے عوام سے مزید تعاون کی اپیل کی گئی۔ اجلاس کے شرکاء نے ملاکنڈ ڈویژنل قومی جرگے کے تشکیل کیلئے سوات قومی جرگہ کے درجن بھر قومی مشران پر مشتمل کمیٹی کا قیام عمل میں لایا جو ملاکنڈ ڈویژن کے دیگر اضلاع کے قومی جرگوں اور قومی مشران کے ساتھ باہم مل کر پائیدار حقیقی امن کے قیام کے لئے عوام کو مشترکہ قومی پلیٹ فارم فراہم کریں گے۔ جبکہ نوجوانوں کی طاقت کو سوات قومی جرگہ کے بازوئے شمشیر بنانے کیلئے غیرت خان یوسفزئی اور یامان خان کی سرکردگی میں فعال و باشعور نوجوانوں کے ایک سرکل کو بھی تشکیل کیا گیا