سوات: نگران وزیر برائے مواصلات و تعمیرات محمد علی شاہ نے مینگورہ کے علاقے تختہ بند میں زیر تعمیر پل پر تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ حکام اور ٹھیکدار نے پل کی تعمیر میں پیشرفت پر نگران وزیر کو بریف کیا۔ نگران وزیر برائے مواصلات و تعمیرات نے پل کی تعمیر مقررہ وقت میں معیار کے اصولوں کے عین مطابق مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ نگران وزیر محمد علی شاہ کا کہنا تھا کہ مینگورہ میں داخلی اور خارجی ٹریفک کو منظم رکھنے اور ٹریفک کی روانی میں خلل کو دور کرنے میں تختہ بند پل اہمیت کا حامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پل کی تعمیر مکمل ہونے سے مینگورہ میں داخلی اور خارجی ٹریفک کا رش کم ہوجائے گا اور سیاحوں،عوام اور ٹرانسپورٹرز کو سہولت بہتر طریقے سے دوبارہ حاصل ہوگی۔ یاد رہے کہ تختہ بند پر عارضی پل لگا ہوا تھا جو مال بردار ہیوی ٹریفک کا بوجھ اٹھاتے اٹھاتے خستہ حالی کا شکار ہونے پر اب پختہ بنیادوں پر تعمیر کیا جارہا ہے۔ پل ٹریفک کو مینگورہ بائی پاس منتقل کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔